مصر کےدارالحکومت قاہرہ کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پرٹرین حادثے کے نتیجے میں25 افراد ہلاک ہو گئے ۔ اس حادثے کے بعد ملکی وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
قاہرہ کے ریلوے اسٹیشن پر ایک ٹرین کے حادثے کے بعد وہاں آگ لگنے کے سبب کم از کم 25 افراد ہلاک جبکہ 40 زخمی ہو گئے ہیں۔
ایک عینی شاہد کے مطابق قاہرہ کے وسط میں واقع رامسیس اسٹیشن پر ایک دھماکا ہوا،جس کے بعد ایک ٹرین پلیٹ فارم سے ٹکرائی۔ مصر کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق اس اسٹیشن پر پہنچنے والی ایک تیز رفتار ٹرین پلیٹ فارم سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں اس کا فیول ٹینک دھماکے سے پھٹ گیا اور وہاں آگ لگ گئی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مصری کابینہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حادثے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ملکی وزیر برائے ٹرانسپورٹ ہشام عرفات نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
کابینہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق مصری وزیر اعظم مصطفیٰ مدبولی نے قبول بھی کر لیا ہے۔
مصری ریلوے حکام کے مطابق ایک سنگل ریل کار بہت زیادہ تیز رفتار کے ساتھ اسٹیشن پر پہنچی اور وہاں ایک رکاوٹ کے ساتھ ٹکرا گئی۔
حادثے کے نتیجے میں کم از کم 47 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق دھماکے اور پھر اس کے نتیجے میں لگنے والی آگ کی لپیٹ میں پلیٹ فارم پر موجود لوگ براہ راست آئے۔
جس وقت یہ حادثہ ہوا اس وقت پلیٹ فارم پر مسافروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مصری حکام کے مطابق فی الحال اس واقعے کے بارے میں یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ آیا اس کا سبب دہشت گردی ہے یا نہیں۔