پاکستان کی جانب سے دو بھارتی طیارے مار گرائے جانے کے 24 گھنٹے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے خاموشی توڑ کر پہلی بار جمعرات کو بیان دیا ہے۔ اس بات انہوں نے پاکستان پر ایک نیا الزام عائد کیا ہے۔
پاک بھارت کشیدگی کی باوجود مودی کی جانب سے انتخابی مہم جاری رکھنے پر اپوزیشن نے شدید تنقید کی ہے۔
جمعرات کو بی جے پی کے کارکنوں سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ پاکستان بھارت کو تقسیم اور غیرمستحکم کرنا چاہتا ہے۔ مودی نے کہا کہ ہم دشمن سے ڈریں گے نہیں۔ بھارت ایک ہو کر کھڑا ہے، ایک ہو کر ترقی کرے گا۔ ایک ہو کر لڑے گا اور ایک ہو کر جیتے گا۔
مودی نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے، لہٰذا یہ ضروری ہے کہ ایسا کچھ نہ ہونے دیا جائے جس سے ہمارے فوجیوں کا مورال متاثر ہو۔
مودی کا اشارہ بھارتی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بدھ کو جاری کیے گئے مشترکہ بیان کی طرف تھا جس میں اپوزیشن نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ فوجیوں کی قربانیوں پر بدترین سیاست کر رہی ہے۔
اپوزیشن نے بدھ کے روز بالخصوص بھارتی وزیراعظم کی جانب سے ’’سب سے بڑی ویڈیو کانفرنس‘‘ کے پروگرام کو ہدف تنقید بنایا تھا لیکن پاک بھارت کشیدگی کے باوجود نریندر مودی نے اپنے پروگرام کے مطابق جمعرات کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ملک کے 15 ہزار مقامات سے ایک کروڑ بی جے پی کارکنوں سے خطاب کیا۔
مودی نے کارکنوں سے اپنی انتخابی مہم کی بھی بات کی۔
اس سے پہلے بدھ کی دوپہر مودی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جب انہیں بھارتی طیارے مار گرائے جانے کا بتایا گیا۔ اس کے بعد وہ رات تک مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر حکام سے مشاورت کرتے رہے۔ تاہم کوئی بیان نہیں دیا۔
اپوزشن کی تنقید
مودی کی جانب سے اپنی انتخابی مہم کو ترجیح دینے پر جمعرات کے روز ان کے خطاب سے پہلے ہی سوشل میڈیا پر اور مختلف بیانات میں اپوزیشن رہنمائوں نے شدید تنقید کی۔
مایاوتی نے کہاکہ مودی پہلے ملکی سلامتی کی فکر کریں اور پھر اپنی انتخابی مہم کی۔
کانگریس کے ترجمان رندیب سرجیوا نے کہاکہ غلط ترجیحات کی بدترین مثال۔ 132 کروڑ بھارتی ونگ کمانڈر ابھینندن کی بحفاظت واپسی کی دعائیں کر رہے ہیں لیکن مودی جی صرف دوبارہ منتخب ہونے کے لیے بے تاب ہیں۔ کانگریس نے آج اپنی انتہائی اہم سی ڈبلیو سی اور ریلی منسوخ کردی۔ پردھان سیوک کو ویڈیو کانفرنس بنانے کا شوق چڑھا ہے۔