بھارت کا ایک اور دعویٰ غلط نکلا

نئی دہلی : پلوامہ حملے کے بعد بھارتی میڈیا میں جھوٹ پر مبنی خبریں چلانے کا جو سلسلہ شروع ہوا وہ ابھی تک  رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا،اپنا جھوٹا دعوٰی سچ ثابت کرنے کیلئے ہندوستانی نیوز چینل نے پاک فضائیہ کے حاضر سروس پائلٹ کی ہلاکت کی جھوٹی خبر نشر کردی۔

اطلاعات کے مطابق  بھارتی میڈیا کی جانب سے  خبر چلائی گئی ہے جس کے مطابق ایف 16 تباہ ہونے کے نتیجے میں پائلٹ شہزاز الدین ہلاک ہوا جبکہ اس خبر کے ساتھ پاک فضائیہ کے حاضر سروس گروپ کیپٹن آغا مہر کی پاک فضائیہ کے طیارے کے ساتھ لی گئی تصویریں چلائی جارہی تھیں۔

خیال رہے کہ 14 فروری 2019 کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوجی قافلے پر خود کش حملہ ہوا تھا جس میں 45 سے زائد اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے بعد بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے حملہ کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا شروع کردیا تھا۔