فہیم اشرف اور آصف علی نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔
فہیم اشرف اور آصف علی نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

اسلام آباد نے کراچی کو فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 4 کے ایلیمنیٹر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو شکست دیکر فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔

نیشنل اسٹڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 162 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کیا۔

یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز لیوک رونکی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے کیا لیکن رونکی 5 رنز ہی بنا سکے۔

کیمرون ڈیلپورٹ نے 38 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ایلکس ہیلز نے 41 اور حسین طلعت نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔

آخری اوور میں فہیم اشرف اور آصف علی نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ فہیم اشرف نے 17 اور آصف علی نے 20 رنز کی اننگز کھیلیں۔

اب اسلام آباد یونائیٹڈ کل پشاور زلمی سے ٹکرائے گی اور میچ جیتنے والی ٹیم فائنل میں کوئٹہ سے مقابلہ کرے گی۔

قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کنگز کے اوپنرز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 52 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

کولن نے منرو صرف 11 گیندوں پر برق رفتاری سے 32 رنز جوڑے، پہلی وکٹ گرنے کے بعد لینوگسٹن اور بابر اعظم نے 50 رنز کی شراکت داری قائم کرکے مجموعے کو 102 تک پہنچایا۔

تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کراچی کا کوئی بھی کھلاڑی اسلام آباد کے بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنا سکی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے موسیٰ خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فہیم اشرف نے دو جب کہ رومان رئیس اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔