مسجد حملے میں بنگلہ دیشی ٹیم محفوظ رہی، تیسرا ٹیسٹ منسوخ کر دیا گیا

نیوزی لینڈ کی دو  مساجد میں فائرنگ کے واقعے میں مسجد میں موجود بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محفوظ رہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسجد میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑی بھی موجود تھے جو اس واقعے میں محفوظ رہے۔

بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے اس واقعے کے فوری بعد سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں خوش قسمتی سے ہم تمام کھلاڑی محفوظ رہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے کہا کہ بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی اس واقعے میں محفوظ رہے۔ ہم بہت خوش قسمت رہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں محفوظ رکھا، ہم کبھی نہیں چاہیں گے کہ ایسا دوبارہ ہو۔

واقعہ کے بعد نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والا تیسرا ٹیسٹ منسوخ کر دیا ہے۔ ٹیسٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کے کرکٹ بورڈز نے مشترکہ طور پر کیا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ کل سے ہیگلے اوول میں کھیلا جانا تھا۔