مسلمان ملک برونائی دارالسلام میں آئندہ ہفتے سے شرعی قوانین نافذ ہوجائیں گے جس کے بعد ہم جنس پرستی اورزنا کاری پر ملزم کو سنگسار کردیا جائے گا۔
برطانوی اخبار کے مطابق برونائی دارالسلام میں 3 اپریل سے شرعی قوانین نافذ العمل ہوجائیں گے جس کے بعد چوری کرنے والے کوایک ہاتھ اور ایک پیر سے محروم ہونا پڑے گا،برونائی نے پہلی بار 2014 میں شرعی قوانین کے نفاذ کا اعلان کیا تھا ۔
ملک میں ان قوانین کا نفاذ سلطان آف برونائی کے براہ راست احکامات کے بعد ہورہا ہے۔ خیال رہے کہ سلطان آف برونائی دنیا کے امیر ترین حکمران ہیں جن کے ذاتی اثاثوں کی مالیت 20 ارب ڈالر سے زائد ہے اور وہ 1967 سے برونائی کے بادشاہ ہیں۔
برونائی میں بھی کئی دیگر اسلامی ممالک کی طرح شراب پر پابندی عائد ہے اور جو شخص بھی شراب نوشی کرتا پکڑا جائے اسے جرمانے کے ساتھ قید کی سزا بھی دی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ برونائی دارالسلام کی دو تہائی آبادی مسلمان ہے اور شرعی قوانین کا نفاذ غیر مسلم شہریوں پر نہیں ہوگا۔