پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں سندھ کے حالات بہتر نہیں ابتر ہوئے، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 10 سال سے سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، ان کے دور میں سندھ کے حالات ابتر ہوئے ہیں، جو وفاق کی جماعت تھی وہ اب اندرونِ سندھ تک محدود ہو گئی ہے،

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے گھوٹکی میں خطاب سے پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ جو وفاق کے نمائندہ تھے، وہ وفاق کی نمائندگی نہیں کررہے، جو وفاق کی علامت تھے، وہ بلوچستان میں ہیں نہ خیبرپختون میں ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان کا ساتھ دے کر ملک میں تبدیلی لانی ہے اور نیا پاکستان بنانا ہے، جب پی ٹی آئی میں آنے کا فیصلہ کیا تومجھے کہا گیا کہ یہ فیصلہ میری سیاسی خودکشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی آ گئی ہے، تبدیلی کی ہوا خیبرپختون خوا سے چلی اور پنجاب میں داخل ہوئی، پنجاب میں لوگوں نے نون لیگ کو اکھڑتے ہوئے دیکھا۔

شاہ محمود قریشی نے سوال کیا کہ کیا خیبر پختون خوا میں اے این پی اور جے یوآئی (ف) کا وجود نظر آ رہا ہے؟ خیبرپختون خوا کے عوام تبدیلی لاسکتے ہیں توسندھ کے عوام کیوں نہیں لاسکتے؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ سے میرا رشتہ پونے آٹھ سوسال سے ہے، میری سیاسی آنکھ سندھ میں بہت بڑی تبدیلی دیکھ رہی ہے، پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت بنانے کی اہلیت سے محروم ہو چکی ہے۔