سری لنکا نے پاکستان میں کرکٹ سیریزکھیلنے کیلیے گرین سگنل دیدیا۔
پی ایس ایل کے ذریعے انٹرنیشنل کرکٹ کی کھلنے والی کھڑکی کے بعد اب پاکستان پربین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھلنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے حکام نے پاکستان میں کرکٹ سیریز کے حوالے سے گرین سگنل دے دیا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے سنگا پور میں ہونے والے اجلاس کے دوران پی سی بی اورسری لنکن کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان سائڈ لائن پرملاقات ہوئی۔
پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سری لنکا کو پاکستان میں کھیلنے کی دعوت دی گئی۔ پاکستان نے کراچی اورلاہورمیں میچز کھیلنے کی پیشکش کی جس پرسری لنکن کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے مثبت جواب دیا گیا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ آئندہ سال ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ آئی سی سی ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ایونٹ کے حوالے سے انتظامات کا آغاز کرے گا۔
ایشیا کپ شروع ہونے سے پہلے ایشین کرکٹ کونسل کی سیکیورٹی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی اور انتظامات کا جائزہ لے گی۔