کرکٹ ورلڈکپ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو23رنز سے شکست دیدی۔
چیسٹرلی اسٹریٹ گراؤنڈ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 338 رنز بنائے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 9وکٹوں پر315رنز بنا سکی اور23رنز سے میچ ہار گئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے سنیل ایمبرس اور کرس گیل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن سنیل تیسرے ہی اوور میں لیستھ ملنگا کا شکار بن گئے وہ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شائے ہوپ بھی 5 رنز پر ہی ملنگا کا شکار بنے۔
شیمرون ہیٹمیر 29 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے اور کرس گیل بھی اپنی اننگز کو 35 رنز سے آگے نہ بڑھاسکے، کپتان جیسن ہولڈر کی اننگز بھی 26 رنز تک محدود رہی، کارلوس بریتھ ویٹ 8 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔
نکولس پورن نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی وہ 118رنزبنا کر آئوٹ ہوئے جب کہ فابیان ایلن نے کیریئر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی لیکن بدقسمتی سے وہ 51 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کی جانب سے لیستھ ملنگا نے 3، جیفری وینڈرسی اور کسن رجیتا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کرونارتنے اور کوشال پریرا نے ذمہ دارانہ انداز میں کیا اور پہلی وکٹ پر93 رنز کی شراکت بنائی تاہم کرونارتنے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
دوسری وکٹ کوشال پریرا کی گری جو 64 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، اس کے بعد ایوشکا فرنینڈو اور کوشال مینڈس نے ذمہ دارانہ اننگز کھلیں لیکن 184 کے مجموعے پر مینڈس 39 رنز بناکر ایلن کا شکار بنے۔
ایوشکا فرنینڈو کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 338 رنز بنائے۔
ایوشکا فرنینڈو 104 اور کوشال پریرا 64 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نے 2، فابین ایلن، اوشین تھامس اور شیلڈن کوٹریل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ایوشکا فرنینڈو کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں، میچ کا نتیجہ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ٹیموں پر اثر انداز نہیں ہوگا۔