ورلڈ کپ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں کسی تبدیلی سے گریز کیا اور یوں شعیب ملک الوداعی میچ کو ترستے رہ گئے۔
قومی ٹیم کے آل رائونڈر شعیب ملک نے گزشتہ سال جون میں ہی اعلان کردیا تھا کہ ورلڈکپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔
میگا ایونٹ میں انہوں نے انگلینڈ کیخلاف میچ میں 8رنز بنانے کے بعد آسٹریلیا اور بھارت سے مقابلوں میں کھاتہ بھی نہیں کھولا،اس کے بعد ڈراپ کردیے گئے۔
شعیب ملک کی جگہ حارث سہیل کو موقع دیا گیا جنہوں نے جنوبی افریقہ اورنیوزی لینڈ کیخلاف فتح میں اہم کردار کیا۔ توقع کی جا رہی تھی کہ آل راؤنڈرشعیب ملک کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ کیلیے میدان میں اتارا جائے گا لیکن پاکستان نے افغانستان کے خلاف بمشکل فتح حاصل کرنے والی ٹیم میں کسی تبدیلی کو ضروری نہیں سمجھا۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف اکتوبر 1999میں ون ڈے کیریئرکا آغازکرنے والے شعیب ملک نے 287ون ڈے میچز میں 34.55کی اوسط سے 7534رنز بنائے اور پاکستانی ٹاپ اسکورز کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں،سب سے بڑی اننگز 143کی کھیلی۔
بولنگ میں انہوں نے 39.18کی ایوریج سے 158شکار کئے ہیں، بہترین کارکردگی 19رنز کے عوض 4وکٹیں رہی، انہوں نے نومبر 2015میں ہی ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
واضح رہے کہ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بنگلہ دیش کے خلاف جاری میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 316 رنز کا ٹارگٹ دیا ہے،ورلڈ کپ میں پاکستان کا سفر ختم ہو چکا ہے کیونکہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے بنگلہ دیش کو جتنے مارجن سے شکست درکارتھی قومی ٹیم بڑی مشکل سے صرف اتنا ہی اسکور کر پائی ہے ،امام الحق کی سنچری اور بابراعظم کے 96 رنزبھی پاکستان کے کسی کام نہیں آ سکے۔