پاکستان آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا جبکہ نیوزی لینڈ بہتر رن ریٹ کی بدولت میچ ختم ہونے قبل ہی سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
یہ مسلسل دوسرا ورلڈکپ ہے جب پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی ہے۔
لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 316 رنز کا ہدف دیا اور سیمی فائنل میں رسائی کیلئے بنگلادیش کو 7 رنز تک محدود کرنا تھا جس میں گرین شرٹس ناکام رہے۔
بنگلادیش کے 8 رنز بناتے ہی پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا اور یوں نیوزی لینڈ نے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
New Zealand have QUALIFIED for #CWC19 semi-finals! pic.twitter.com/KCi4ISclqQ
— ICC Cricket World Cup (@cricketworldcup) July 5, 2019
گرین شرٹس کو اس مشکل صورتحال کا سامنا کم رن ریٹ کی وجہ سے کرنا پڑا، پاکستان کا رن ریٹ منفی صفر میں ہے جب کہ کیویز کا رن ریٹ صفر اعشاریہ 175 ہے۔
پاکستان گروپ میچز اچھے مارجن سے جیت جاتا تو اس کا رن ریٹ بہتر ہوسکتا تھا تاہم پاکستان نے افغانستان جیسی کمزور ٹیم کیخلاف بھی بمشکل ہی میچ جیتا تھا۔
پاکستان کے باہر ہونے کے بعد سیمی فائنل کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹائٹل کی جنگ ہوگی۔
پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں سیمی فائنل میں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔
ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل 9 جولائی کو اولڈ ٹریفورڈ جبکہ دوسرا سیمی فائنل 11 جولائی کو ایجبیسٹن میں کھیلا جائے گا۔میگا ایونٹ کا فائنل 14 جولائی کو لارڈز میں ہوگا۔