پاکستان کرکٹ بورڈ نے فٹنس کا معیار برقرار رکھنے کے لیے کھلاڑیوں کو بریانی کھانے سے منع کر دیا ہے۔پی سی بی نے ہیڈ کوچ مکی آرتھرکی رپورٹ پرفیصلہ کیا ہے کہ ٹیم کی فٹنس اور کھانے پینے پر نظر رکھنے کیلیے ایک نیا کوچ بھی بھرتی کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے نئے اعلامیے کے بعد کھلاڑی صرف وہی کھانا کھا سکیں گے جو نئے فٹنس کوچ کی جانب سے بتایا جائے گا۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ قومی ٹیم میں نظم و ضبط کومزید بہتر بنانے کیلیے کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان جلد نئی ہدایات جاری کریں گے۔
پی سی بی کی جانب سے یہ فیصلہ مکی آرتھرکی رپورٹ کی روشنی میں لیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس پر سوالیہ نشان ہے، جبکہ ٹیم کی فیلڈنگ بھی مسلسل اسی باعث تنزلی کا شکار ہوئی ہے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلیے ضروری ہے کہ کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار اور فیلڈنگ کا معیار بہتر کیا جائے گا۔ مکی آرتھرکی تجاویز کے بعد پی سی بی نے اس حوالے سے عملی اقدامات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ 2019کے بعد اہم تبدیلیاں کی جارہی ہیں اور چند روز قبل اس حوالے اہم اجلاس بھی ہوا تھا۔کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں کوچ مکی آرتھرکو سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑااورانہوں نے اپنی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی تھی۔