پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر حسن علی کی اپنی بھارتی دلہن سامعہ کیساتھ شادی سے قبل کرائے گئے فوٹوشوٹ کی تصاویر منظرعام پر آ گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی فاسٹ باﺅلر نے بھارت سے تعلق رکھنے والی لڑکی سامعہ کے ساتھ نکاح سے قبل برج العرب ہوٹل کے سامنے فوٹو شوٹ کروایا جس میں وہ اپنی ہونے والی شریک حیات کے ساتھ خاصے مسرور نظرآئے۔
ادھرحسن علی نے اپنے اہلخانہ کے ہمراہ دبئی پہنچ کر مہندی کی تقریب میں حصہ لیا جس میں شاداب خان کے علاوہ حسن علی کے اہل خانہ اورقریبی دوست بھی شریک ہوئے۔ دوستوں نے حسن علی کے ہاتھ میں مہندی لگائی اورخوب بھنگڑے ڈالے اوردولہا کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔
بعد ازاں حسن علی اپنے دوستوں کے ساتھ دبئی کے سفاری ڈیزرٹ گئے جہاں پر سب نے خوب ہلا گلا کیا۔ حسن علی اور سامعہ کا نکاح 20 اگست کودبئی میں ہوگا جبکہ رخصتی اکتوبر میں متوقع ہے۔