چینی حکام کی خواہش ہے کہ اس بار شاندار فوجی پریڈ کو پورا چین اپنے ٹی وی سیٹ پر دیکھے اور اس کے لیے انتہائی غریب گھرانوں میں 6 لاکھ 20 ہزار ٹی وی تقسیم کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ یکم اکتوبرکو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اپنے اقتدار کی 70 ویں سالگرہ منارہی ہے جس پر رنگا رنگ تقاریب کا آغاز ہوگا اوراس ضمن میں ایک یادگاراورمنظم فوجی پریڈ بھی منعقد کی جائے گی۔
مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق چین اس موقع پر اپنے خاص فوجی و عسکری ہتھیاروں کی نمائش بھی کرے گا جن میں انتہائی جدید ترین ڈرون، میزائل اور دیگرآلات شامل ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ تجزیہ کاروں کو اس نمائش اور پریڈ کا بے چینی سے انتظار ہے۔جہاں پریڈ کے لیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں تو دوسری جانب حکومت نے محسوس کیا کہ اگراس منظر سے خود چینی محروم رہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
اسی بنا پرمختلف حکومتی محکموں نے چین میں مقامی طورپربنے 32 انچ ایل ای ڈی ڈسپلے غریب گھرانوں میں تقسیم کرنا شروع کردیے ہیں۔اسے مغربی تجزیہ کاروں نے لوگوں کو ذہن کنٹرول کرنے سے تعبیر کیا ہے لیکن چینی حکومت اب تک لاکھوں گھرانوں میں ٹی وی پہنچا چکی ہے۔
چینی عوام بھی اس پریڈ کی گرمجوشی سے منتظر ہیں اوراس سے قبل جنوبی چین کے سمندر میں چینی بحریہ اپنی اہم مشقوں کا مظاہرہ کرچکی تھی اور2017ءمیں منگولیا کے ریگستانوں میں بھی فوجی پریڈ منعقد کی گئی تھیں۔