بھارتی حکام نے کہا ہے کہ جمعرات سے سیاحوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جانے کی اجازت دے دی جائے گی تاہم اب بھی وہاں زیادہ تر علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر سے خصوصی ریاست کا درجہ چھینے جانے یعنی دفعہ 370 ختم کیے جانے کے بعد کشمیر آئے ہوئے سیاحوں کو فوراً واپسی کا حکم دینے والی ایڈوائزری واپس لے لی گئی ہے۔
حکومت نے سیاحوں کے مقبوضہ کشمیرآنے پرلگی پابندی کو 10 اکتوبر سے ختم کرنے کا اعلان کیا ہے،گورنر ستیہ پال ملک نے پیر کے روز جموں و کشمیرکے حالات اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد یہ اعلان کیا۔
قابل غور ہے کہ جولائی کے آخری ہفتہ میں مقبوضہ جموں و کشمیرکے محکمہ داخلہ نے ایڈوائزری جاری کرکے سیاحوں کو فوری طور پر کشمیر چھوڑنے کی ہدایت دی تھی۔