دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریزکے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بنا کرڈھیر ہو گئی۔
آسٹریلیا کے شہر برسبین میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے پہلا ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ اننگز کے آغاز میں ہی پاکستانی کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور صرف 78 رنز کے مجموعی اسکورپر4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
شان مسعود نے 27، کپتان اظہر علی 39 ، افتخار احمد 7 اور حارث سہیل نے صرف 1 رن بنایا۔ بابراعظم شائقین کی امیدوں پر پورا اترنے میں بری طرح ناکام رہے اور صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان نے میدان میں آکر بیٹنگ لائن کو سنبھالنے کی کوشش کی اور ذمے دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 رنز بنائے انہیں نو بال پرآئوٹ قرار دیا گیا۔ایکشن ری پلے میں واضع دیکھا جا سکتا ہے کہ پیٹ کمنز کا پیر کریزپرتھا،143 رنز پر پاکستان کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔
اس موقع پر اسد شفیق کا ساتھ نبھانے محمد یاسر آئے اور دونوں نے مجموعے میں 84 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔ 227 رنز پر یاسر شاہ پویلین لوٹ گئے ، انہوں نے 26 رنز بنائے، جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس لوٹ گئے، اسی مجموعے پر کمنز نے اسد شفیق کو بھی چلتا کیا،انہوں نے 76 رنزکی اننگز کھیلی۔ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نسیم شاہ تھے جنہوں نے 7 رنز بنائے، عمران خان 5 رنزپرناٹ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے 240 رنز میں سب سے زیادہ حصہ اسد شفیق کا تھا جنہوں نے 76 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4، پیٹ کمنز نے3، ہیزل ووڈ نے 2 جب کہ نیتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ سے قبل کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ڈیبیو کرنے والے نسیم شاہ کو اسکواڈ میں دیکھ اچھا لگ رہا ہے تاہم محمد عباس کو نہ کھلانا مشکل فیصلہ ہے۔
دوسری جانب آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ ہی کرتے۔
پاکستان کی جانب سے 16 سالہ نوجوان گیند باز نسیم شاہ آج اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اظہر علی، شان مسعود، حارث سہیل، اسد شفیق، افتخاراحمد، رضوان، یاسر شاہ، نسیم شاہ، شاہین شاہ اورعمران خان شامل ہیں۔