بھارتی دارالحکومت دہلی میں ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے 44 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کے علاقے اناج منڈی میں واقع اسکول بیگ بنانے والی فیکٹری میں اتوار کی علی الصبح اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مقامی حکام نے واقعے میں 44 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ 15 سے 20 لوگوں کو قریبی ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
نئی دہلی فائر ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اتل گرگ نے میڈیا کو بتایا کہ آگ پرقابو پالیا گیا ہے، واقعے کے وقت فیکٹری میں 60 سے 70 افراد موجود تھے جو تمام کے تمام مزدور تھے، تمام افراد دھوئیں سے متاثر ہوئے۔ آگ ایسے وقت لگی جب وہاں موجود تمام افراد سو رہے تھے جس کی وجہ سے جانی نقصان زیادہ ہوا۔
دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے اتوار کو رانی جھانسی روڈ کے نزدیک اناج منڈی میں آتشزدگی جائے وقوعہ اور لوک نائک جے پرکاش اسپتال ( ایل این جے پی ) کا دورہ کیا اور زخمیوں کی خیر و عافیت دریافت کی۔
وزیراعلی نے کہا کہ میں نے حادثہ کی مجسٹریٹ جانچ کا حکم دیدیا ہے اور سات دنوں میں رپورٹ دینے کی ہدایت دی ہے ۔ اس دوران دہلی حکومت نے مہلوکین کے لواحقین کو 10-10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری طرف وزیراعظم مودی نے بھی لواحقین کیلیے دو لاکھ روپے اور زخمیوں کیلیے 50 ہزار کی امداد کا اعلان کیا۔
رواں برس ستمبر میں بھارت کے مغربی حصے کی ایک کیمیکل فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک جبکہ 64 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔