نيوزی لينڈ کے سیاحتی جزیرے وائٹ آئی لینڈ میں ایک آتش فشاں پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 5 سیاح ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نيوزی لينڈ کے وائٹ آئی لينڈ کا آتش فشاں پھٹ گیا، قدرتی آفت کے وقت جزیرے پر 50 سے زائد سیاح موجود تھے۔ آتش فشاں پھٹنے کے نتیجے میں 5 سیاح ہلاک ہوگئے۔ 23 سیاحوں کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے جن میں سے 7 سیاحوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ اب بھی 22 سے زائد سیاح لاپتہ ہیں۔
آتش فشاں پھٹنے کے بعد شدت حدت کا حامل لاوا چاروں طرف پھیل گیا ہے جو سمندر کی جانب رواں ہے جس کے باعث امدادی کاموں کے لیے حالات سازگار نہیں تاہم ریسکیو اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ ہیلی کاپٹرکو بھی طلب کرلیا گیا ہے اور اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے شمالی آئی لینڈ سے 48 کلومیٹر کی مسافت پر وائٹ آئی لینڈ واقع ہے جس میں ایک سرگرم آتش فشاں بھی موجود ہے جس سے بھاری پتھر لاوا کے ساتھ پھٹ کر نکلتے ہیں اور سیاح اسی آتش فشاں کے پھٹنے کا منظر دیکھنے کیلیے آئے تھے۔