ہوا18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔فائل فوٹو
ہوا18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔فائل فوٹو

کراچی میں صبح سویرے بوندا باندی،سرد ہوائیں۔ٹھنڈ میں اضافہ

کراچی میں صبح سویرے بوندا باندی ہوئی، شہر میں سرد ہوائیں بھی چل رہی ہیں جس سے خنکی میں اضافہ ہو گیا۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرِ قائد کا مطلع جزوی ابرآلود اور رات سرد رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد ہے جو شمال مشرق کی سمت سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔

دوسری جانب ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، گلگت بلتستان کے ضلع استور میں کئی روز سے جاری برف باری تھم گئی ہے، پنجاب کے متعدد شہروں میں صبح دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی ہے۔

گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں برف باری نے ہر چیز کو جما دیا ہے، استور میں کئی روز سے جاری برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے، موسم شدید سرد ہے۔

آزاد کشمیر، بلوچستان اور خیبر پختون خوا کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری کے بعد سرد ترین موسم کا راج ہے، متعدد مقامات پر راستے بند ہیں۔

مری میں برف باری رک گئی ہے جس کے بعد موسم ٹھنڈا ہے اور سیاحوں کا رش ہے۔پنجاب کے متعدد شہروں میں صبح کے اوقات میں دھند کا راج ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

دھند کے باعث پروازوں کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی گئی، کراچی سے لاہور اور اسلام آباد اور واپسی کی پروازیں تاخیر سے روانہ ہوں گی۔