اشرف غنی دوسری مرتبہ افغانستان کے صدر منتخب ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رواں برس 28 ستمبرکو افغانستان بھر میں صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی تھی جس کے ابتدائی نتائج کا اعلان اب کیا گیا ہے۔
افغان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق اشرف غنی 50.06 فیصد سے زائد ووٹ لے کر دوبارہ صدر منتخب ہوگئے ہیں جب کہ ان کے حریف عبداللہ عبداللہ کو39.52 فیصد ووٹ ملے ہیں۔
اشرف غنی کی دوسری بار انتخابی کامیابی پر شکست خوردہ عبداللہ عبداللہ نے دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے رد کر دیا اورکہا کہ وہ ان فراڈ انتخابات کو اس وقت تک تسلیم نہیں کریں گے جب تک ان کے جائز مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے۔
افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبداللہ 3 لاکھ ووٹوں کے متعلق شکوک رکھتے ہیں، انتخابی نتائج کا حتمی اعلان ہونے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہی
واضح رہے کہ افغانستان کے گزشتہ انتخابات میں بھی دھاندلی کے الزامات سامنے آئے تھے، صدارتی امیدوارعبداللہ عبداللہ نے نتائج ماننے سے انکار کردیا تھا تاہم عالمی قوتوں نے دونوں کے درمیان شراکت اقتدارکا معاہدہ کرایا تھا جس کے تحت اشرف غنی صدر بنے تھے جب کہ عبداللہ عبداللہ کو چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ تفویض کیا گیا تھا۔