بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ نے کبھی ہاں اور کبھی ناں کے بعد اب لگتا ہے کہ پکی ہاں کرنے کا فیصلہ کر لیاہے اور پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کیلیے تیارہوگیاہے۔
نگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان کا حتمی فیصلہ آج آنے کا امکان ہے اور وہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کیلیے تیارہوگیاہے ۔بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلیے 18 جنوری کو پاکستان پہنچے گی ، بنگلہ دیش پہلے مرحلے میں دو ٹیسٹ میچز کیلیے پاکستان آئے گا ۔
یاد ہے کہ بنگلہ دیش نے ٹی ٹوینٹی سیریز پاکستان میں کھیلنے کیلیے رضا مندی ظاہرکردی تھی تاہم ٹیسٹ کرکٹ کیلیے نیوٹر وینو کا مطالبہ کیا تھا لیکن پاکستان کی جانب سے واضح کر دیا گیا تھا کہ ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں تو پھر پاکستان ہی آنا ہو گا ۔
بنگلہ دیشی میڈیا میں بھی اس حوالے سے متضاد دعوﺅں کا سلسلہ جاری ہے اور ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بہت سے کھلاڑیوں نے واقعی پاکستان جانے سے انکارکردیا ہے اور وہ اس حوالے سے بی سی بی کے صدر کو بھی آگاہ کر چکے ہیں اوراس حوالے سے سامنے آنے والا سب سے پہلا نام مشفیق الرحیم کا ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے بازاور سابق کپتان مشفیق الرحیم نے بورڈ کو آگاہ کردیا ہے کہ اگرٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز پاکستان میں ہوئی تو وہ اس میں شریک نہیں ہوں گے۔ تاہم ایک اور رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کے اکثر کھلاڑی دورے کیلیے رضامندی ظاہر کریں گے جس کے بعد دورہ پاکستان کا اعلان کردیا جائے گا۔