پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستانی بلے بازگزشتہ روز ٹاپ آرڈرکی شاندارکارکردگی سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اورپوری ٹیم 445 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی تاہم مجموعی سبقت ابھی بھی 212 رنز ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں دن کا آغازگرین شرٹس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز سے کیا تھا۔ اس طرح آخری سات بلے بازایک آسان بولنگ لائن اپ کے سامنے اسکور میں محض 103 رنز کا ہی اضافہ کرسکے۔
بابراعظم پہلی ہی گیند پرابو جائید کی گیند پرآؤٹ ہوگئے انہوں نے 143 رنز اسکورکیے جن میں ایک چھکا اور18 چوکے شامل تھے۔
اسد شفیق بھی گزشتہ روزکے اپنے اسکور میں کچھ ہی رنز کا اضافہ کرسکے اور65 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ یوں گزشتہ روز کے دونوں بلے باز ابتدائی چند اوورز میں بھی بنگلہ دیشی گیند بازوں کا شکار بنے۔اسی طرح وکٹ کیپر محمد رضوان بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور10 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔
اس موقع پر حارث سہیل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو بڑے نقصان سے بچالیا۔ اپنی 75 رنز کی اننگز کے دوران انہوں نے سات چوکے اور دو چھکے لگائے تاہم دوسرے اینڈ سے انہیں زیادہ مدد نہ مل سکی۔
یاسر شاہ پانچ، شاہین آفریدی تین، نسیم شاہ دو جبکہ محمد عباس ایک ہی رن بناسکے،یوں پاکستان کی پوری ٹیم 445 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیش کی دوسری اننگز کی بیٹنگ جاری ہے جس نے پہلی اننگز میں 233 رنز بنائے تھے۔