پچھلے دو دن سے ان ہی کپڑوں میں مختلف جگہوں پرانٹرویو دے رہا ہوں۔فائل فوٹو
پچھلے دو دن سے ان ہی کپڑوں میں مختلف جگہوں پرانٹرویو دے رہا ہوں۔فائل فوٹو

بیوی نے کہاتھا بے شرم عورت سے ہارے توگھرمیں داخل نہیں ہونے دوں گی

خلیل الرحمن قمر نے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ میں اپنے الفاظ پر معافی نہیں مانگوں گا اورمیری بیوی نے کہا ہے کہ اگراس بے شرم عورت سے ہارکرآئے توگھر میں داخل نہیں ہونے دوں گی۔

معروف مصنف خلیل الرحمن قمر تین روزقبل نجی ٹی وی چینل پرایک ٹاک شوکے دوران سماجی کارکن ماروی سرمد کے ساتھ شروع ہونے والے تنازع پرتنقید کی زد میں ہیں جبکہ بہت سے لوگوں نے ان سے معافی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران خلیل الرحمن قمرنے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں پچھلے دو دن سے ان ہی کپڑوں میں مختلف جگہوں پرانٹرویو دے رہا ہوں۔میری بیوی نے مجھ سے کہا اگرآپ ایسی بے شرم عورت سے ہارکرآئے تو میں آپ کو گھر میں داخل نہیں ہونے دوں گی۔

ماروی سرمد کے بارے میں خلیل الرحمن نے کہا یہ کیا سمجھتی ہیں اپنے آپ کو، کون ہے کہاں سے آئی ہے دین کواورپاکستان کو گالی دیتی ہےاورمجھ سے امید کی جارہی ہے کہ میں اس سے معافی مانگوں۔ اس خاتون سے معافی مانگنے کے بجائے میں خود کو مارنا اورخودکشی کرنا پسند کروں گا۔

میزبان نے خلیل الرحمن قمرسے پوچھا کیا یہ صحیح ہے کہ آپ نے’’میرے پاس تم ہو‘‘کی کامیابی کے بعد اپنا معاوضہ 5 گنا کردیا ہے جس پرانہوں نے کہا میں پہلے ہی پاکستان کا سب سے زیادہ معاوضہ لینے والا مصنف ہوں اورمیں پروڈیوسرزکا بڑا خیال کرتا ہوں میں انہیں اتنی تکلیف میں نہیں ڈالتا میں جانتاہوں وہ کتنا کماتے ہیں۔

عورت مارچ کے حوالے سے خلیل الرحمن نے کہا آج میں اس کے خلاف میدان میں کودا ہوں، کل چارلوگ اورآئیں گے اور خواتین بھی اس کے خلاف سامنے آئیں گی کیونکہ اس سے دراصل متاثر تو وہ عورتیں ہورہی ہیں، زیادتی ان کے ساتھ کی جارہی ہے کہ آپ ان کی حیاداری میں نقب لگانے کی کوشش کررہی ہیں۔

واضح رہے کہ خلیل اورماروی سرمد تنازع کے بعد نجی چینل نےٹاک شو میں خاتون سے نازیبا زبان استعمال کرنے پرمعافی مانگنے تک خلیل الرحمن قمرکے ساتھ اپنا معاہدہ معطل کردیا۔ خلیل الرحمن قمر نے اس چینل کے لیے 4 ڈرامے اورایک فلم کا اسکرپٹ لکھنے کا معاہدہ کیا تھا۔