ایران میں مسلمانوں کے شراب پینے پر سخت پابندی عائد ہے۔فائل فوٹو
ایران میں مسلمانوں کے شراب پینے پر سخت پابندی عائد ہے۔فائل فوٹو

ایران میں زہریلی شراب پینے سے44افراد لقمہ اجل بن گئے

کرونا وائرس دنیا بھرمیں خوف کی علامت بن گیاہے۔ایران میں افواہ پر یقین کرتے ہوئے لوگوں کی بڑی تعداد نے زہریلی شراب پی لی جس کی وجہ سے44افراد لقمہ اجل بن گئے۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارناکے مطابق لوگوں کی بڑی تعدادنے اس غلط اطلاع پر شراب پی کہ اس طرح وہ تیزی سے پھیلتے کرونا وائرس سے محفوظ ہو جائیں گے لیکن شراب ان کے لیے زہر ثابت ہوئی۔

ایرانی خبرایجنسی کے مطابق زہریلی شراب پینے سے سب سے زیادہ 36 ہلاکتیں ایران کے جنوب مشرقی صوبے خزیستان میں ہوئیں۔ یہ ہلاکتیں زیستان میں کرونا وائرس کے باعث ہونے والی براہ راست ہلاکتوں سے دو گنا زیادہ ہے ۔

وہاں کرونا وائرس کی وجہ سے 18 افراد ہلاک ہوئے تھے لیکن زہریلی شراب نے 36افراد کو موت کے منہ میں دھکیل دیا۔زیستان کے علاوہ شراب پینے سے7 ہلاکتیں شمالی علاقے البورز اورایک کرمان شاہ میں ہوئی۔

خیال رہے کہ ایران میں مسلمانوں کے شراب پینے پر سخت پابندی عائد ہے لیکن اس کے باوجود میڈیا پر بڑی تعداد میں اسمگل شدہ شراب پینے کے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں۔

ایران چین اوراٹلی کے بعد کرونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں اب تک پانچ سو کے قریب افراد ہلاک اور بارہ ہزار متاثر ہو چکے ہیں۔