پہلا میچ پاکستان کے وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہو گا۔فائل فوٹو
پہلا میچ پاکستان کے وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہو گا۔فائل فوٹو

پی ایس ایل فائیو کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے فرنچائز مالکان سے رابطہ کرکے پی ایس ایل میچز شیڈول کے مطابق جاری رکھنے پراتفاق کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے تمام فرنچائز مالکان سے کانفرنس کال پررابطہ کیا جس میں پی ایس ایل میچز شیڈول کے مطابق جاری رکھنے پراتفاق کیا گیا۔

کراچی میں شیڈول ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان پی ایس ایل کا 27واں میچ مقررہ وقت پر شروع ہوگا، یہ میچ بند دروازوں میں کھیلا جائے گا جس میں صرف پی سی بی سے منظور شدہ مخصوص افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔

پی سی بی نے تمام ملکی وغیرملکی کھلاڑیوں اور اسپورٹنگ اسٹاف کو خواہش کے مطابق پی ایس ایل فائیو سے دستبردار ہونے کی اجازت دیدی۔

دوسری جانب کرونا وائرس کے خوف سے اب تک پی ایس ایل چھوڑکرواپس اپنے ملک جانے والوں میں کراچی کنگزکے الیکس ہیلز، ملتان سلطانز کے ریلی روسو اور جیمز ونس، پشاور زلمی کے ٹام بینٹن، کارلوس بریتھ ویٹ، لیام ڈاسن، جیمز فوسٹر (کوچ)، لوئس گریگری اور لیام لیونگ اسٹون جب کہ کوئٹہ گلیڈٰ ایٹرزکے جیسن رائے اورٹائمل ملز شامل ہیں۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق ان کھلاڑیوں کے پی ایس ایل سے آؤٹ ہونے کے بعد تمام ٹیموں کو قانون کے مطابق متبادل کھلاڑیوں کے انتخاب کی اجازت ہوگی، جس کی منظوری ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی دے گی جب کہ پی سی بی اس ضمن میں صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لیتا رہے گا اوراس دوران وہ  تمام ٹیم مالکان سے رابطے میں رہے گا،

خیال رہے ابھی تک کسی بھی کھلاڑی کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔