119 مریض سکھرکے آئسولیشن وارڈ میں زیرعلاج ہیں۔فائل فوٹو
119 مریض سکھرکے آئسولیشن وارڈ میں زیرعلاج ہیں۔فائل فوٹو

پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 94 ہوگئی

کرونا وائرس کے مزید 50 مریض سامنے آگئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے کیسزکی تعداد 94 ہوگئی۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں ایران سے تفتان بارڈرسے سکھر آنے والے 50 افراد میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسزکی تعداد 94 ہوگئی ہے۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق سندھ میں کرونا کیسزکے مجموعی تعداد 76 ہوگئی ہے، جن میں سے 25 کا تعلق کراچی، ایک حیدرآباد سے جبکہ 50 کیسزتفتان بارڈرسے آنے والے افراد میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ کرونا سے متاثرہونے والے 2 افراد اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کراچی میں پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں،ایڈیشنل آئی جی نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو بھی کرونا ٹیسٹ کرانے کا حکم دیا ہے۔

پولیس اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہیں کہ ماسک، دستانے اور دیگر حفاظتی آلات استعمال کریں جب کہ شادی ہالزاورعارضی بازاروں پر پابندی یقینی بنائی جائے۔

بلوچستان میں 6، اسلام آباد میں5 اورگلگت بلتستان کے بھی 3 شہریوں میں کرونا وائرس کی تصدیق کی 

ہوچکی ہے۔

ایمرجنسی کورگروپ کے اجلاس میں ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ چودہ لیبارٹریز میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہی دن میں انیس مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس سے تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔

پاکستان میں متاثرہ کیسز میں سے دو مریضوں نے بیرون ملک سفر نہیں کیا جب کہ دو مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

ڈیرہ غازی کے قرنطینہ میں سات سو انہتر افراد کو رکھا گیا ہے۔ ڈی آئی خان  پہنچنے والے اٹھارہ زائرین بھی قرنطینہ میں موجود ہیں جن کے نمونوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔

دنیا کے 157 ممالک میں کرونا وائرس سے 6581 افراد ہلاک

کرونا وائرس کے سبب دنیا کے 157 ممالک میں 6581 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ169,610 متاثر ہیں جن میں نے5,921 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے 18 سو سے زائد اموات ہوگئی ہیں جب کہ25 ہزار سے زائد افراد متاثر بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اسپین میں کرونا وائرس کے کیسوں میں تیزی آئی ہے اور 2000 نئے مریضوں کے انکشاف کے بعد لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔مجموعی طور پر پوری دنیا میں کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5800 سے تجاوز کرچکی ہے۔

فلپائنی دارالحکومت منیلا ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا ہے جہاں سوا کروڑ افراد سے ایک ماہ تک سفر کرنے کو منع کیا گیا ہے۔ فرانس میں ایک روز میں 29 افراد ہلاک ہوئے ہیں مریضوں کی تعداد 5400 تک پہنچ چکی ہے لیکن گزشتہ 24 گھنٹوں میں فرانس میں کرونا کے 900 مریض سامنے آئے ہیں۔

قطر میں سوئمنگ پول، جمنازیم، ریستوران اور ہوٹل بند کردیے گئے ہیں ۔ حکومتِ قطر نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ دو ہفتے تک ملک میں غیرقطریوں کا داخلہ جلد ہی ممنوع قرار دیدیا جائے گا۔ ساتھ ہی ملکی معیشت اور بینکوں کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے دس ارب ریال بھی فوری طور پر جاری کئے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ قطر میں 64 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

مشرقِ وسطیٰ سے ہٹ کر یوکرین نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیشِ نظر پیر سے بین الاقومی ٹرین سروس بند کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ 3 اپریل تک بین الاقوامی پرواز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

ویکسین کی لڑائی

جرمنی نے الزام لگایا ہے کہ ان کے ملک کی ایک ادویہ ساز کمپنی، کیور ویک ، ویکسین کے قریب پہنچ چکی ہے اور امریکہ باضابطہ طورپراس کمپنی سے گفتگو کررہا ہے تاکہ ویکسین کو امریکا سے پیش کیا جاسکے ۔ اس ضمن میں جرمن حکومت  نے الزام عائد کیا ہے امریکا ٍاس کمپنی تک رسائی حاصل کرکے ویکسین کا کریڈٹ خود لینے کی کوشش کررہا ہے۔

اگرچہ خلیجی ممالک میں اب تک ایک بھی موت نہیں ہوئی اور870 کیسز ہی رپورٹ ہوئے ہیں لیکن عوامی مقامات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئی افریقی ممالک میں کرونا کے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد کینیا میں اسکول بند کردیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ سوڈان، گنی، کانگو، مصر، تیونس، مراکش، الجیریا، سینیگال، کیمرون، برکنا فاسو،نائیجیریا ، گھانا اور گبون سمیت 19 افریقی ملکوں میں کووڈ 19 کے مریض سامنے آئے ہیں۔