واقعے کے بعد ایس پی اورنگی ٹائون ودیگر افسران تھانہ پیر آباد پہنچ گئے۔فائل فوٹو
واقعے کے بعد ایس پی اورنگی ٹائون ودیگر افسران تھانہ پیر آباد پہنچ گئے۔فائل فوٹو

فرنٹیئر کالونی میں نمازجمعہ سے روکنے پرپولیس پر حملہ۔خاتون ایس ایچ او زخمی

کرونا لاک ڈائون کے باعث جمعہ کے اجتماع کرنے سے روکنے پرکراچی کے علاقے پیرآباد میں لوگوں نے پولیس پر حملہ کرکے خاتون ایس ایچ او کو زخمی کردیا۔

حکام کے مطابق پولیس اور نمازیوں کے درمیان تصادم جامع مسجد اورنگی ٹائون فرنٹیئر کالونی میں ہوا۔ مشتعل افراد نے پولیس پارٹی پر تشدد کیا جس میں خاتون ایس ایچ او شرافت خان زخمی ہوگیئں۔ خاتون ایس ایچ او سندھ حکومت کی پابندی پرعملدرآمد کروا رہی تھی۔

پولیس نےکرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے شہریوں کو جمع ہونے سے روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے مشتعل ہو کر پولیس پر پتھراؤ کر دیا۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر حکومت سندھ  نے نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی لگادی ہے۔

دریں اثنا سول اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ آصف علی عباسی نے ایس ایچ او پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے واقع کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔ سول اینڈ جوڈیشل میجسٹریٹ نے ڈی آئی جی ویسٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

واقعے کے بعد ایس پی اورنگی ٹائون ودیگر افسران تھانہ پیر آباد پہنچ گئے اور وہ کشیدہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اطراف کی گلیوں کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا۔ خاتون پولیس افسر پر حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔