دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 18 ہزار سے تجاوزگئی ۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 18 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 18 ہزارتک پہنچ چکی ہے تاہم 4 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں۔
يورپ میں عالمی وبا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 80 ہزار سے تجاوزکرگئی جن ميں سے 80 فيصد ہلاکتيں صرف چار ممالک اٹلی، اسپين، فرانس اور برطانيہ ميں ہوئيں۔
اٹلی میں کورونا وائرس سے مزید 431 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 19 ہزار899 پر پہنچ گئی جبکہ اسپین میں مرنے والوں کی تعداد 17 ہزار489 ہو گئی ہے۔
فرانس میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 561 افراد لقمہ اجل بن گئے،اب تک 14 ہزار393 افراد ہلاک اورایک لاکھ 32 ہزار591 متاثر ہو چکے ہیں۔
برطانیہ میں کورونا کی وجہ سے 11 ہزار 329 افراد ہلاک ہو گئے چین میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4342 نئے کیس سامنے آئے ہیں جو کورونا مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہے۔
امریکا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن گیا، اب تک وائرس سے ساڑھے 5 لاکھ سے زیادہ امریکی متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
امریکی صدر کے مشیر صحت ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا ہے کہ کورونا کے خدشے کے پیشِ نظر آغاز میں اقدامات اٹھا کر جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔ انہوں نے کہا کچھ علاقوں میں معمول کی سرگرمیاں مئی کے آغاز تک بحال ہو جائیں گی۔
نیویارک میں صورتحال سب سے زیادہ خوفناک ہوچکی ہے، یہاں دولاکھ کے قریب افراد کورونا سے متاثر ہیں جبکہ کورونا سے مرنے والے 42 فیصد افراد کا تعلق نیویارک سے ہے۔