پاکستان میں 1765 مریض صحت یاب ہو گئے۔فائل فوٹو
پاکستان میں 1765 مریض صحت یاب ہو گئے۔فائل فوٹو

کورونا کے وار جاری۔پاکستان میں ہلاکتیں 138 ہوگئیں

پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 138 ہوگئی،نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 7291 تک پہنچ گئی جبکہ 1765 مریض صحت یاب ہو گئے۔

ملک میں ہونے والی 137 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ سندھ میں 47 اور خیبرپختونخوا میں 45 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 36 ، بلوچستان میں 5 ، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

ملک میں کورونا کے مزید 273 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور3 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں۔سندھ میں 209 کیسز اور 2 ہلاکتیں، پنجاب 25 کیسز ایک ہلاکت ، بلوچستان میں 28 کیسز، اسلام آباد سے 9  اور آزاد کشمیر سے 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 209 کیسز سامنے آئے اور 2 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2217 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 47 ہوگئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 5 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 581 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پنجاب میں آج کورونا وائرس کے اب تک مزید 25 کیسز اوردو ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے کی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 3301 اور ہلاکتیں 37 ہوگئی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں 701 زائرین، 1262 رائے ونڈ تبلیغی اجتماع کے ارکان، 91 قیدی اور 1247 عام شہری میں کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے 630 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت سے  کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 154 ہوگئی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

بلوچستان

بلوچستان کورونا کے مزید 28 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 333 ہوگئی ہے جب کہ 5 افراد وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے بلوچستان میں مزید کیسز کی تصدیق کی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں جمعے کو 2 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد وہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 48 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

میر پور آزاد کشمیر کے ڈپٹی کمشنر  نے بتایا کہ جمعے کو 2خواتین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور دونوں متاثرہ خواتین برطانیہ سے ڈڈیال آئی تھیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں جمعرات کو کورونا کے مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 245 ہو گئی۔

گلگت بلتستان میں اب تک 183 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد صرف 59 رہ گئی ہے۔