نوٹیفکیشن جمعے سےقبل جاری کر دیاجائےگا۔فائل فوٹوا۔
نوٹیفکیشن جمعے سےقبل جاری کر دیاجائےگا۔فائل فوٹوا۔

سندھ میں دکانیں اوربازار کھولنے کے لیے پلان تیار

حکومت سندھ نے صوبے میں 52 فیکٹریاں کھولنے کی اجازت دے دی ہے جبکہ سندھ میں چھوٹے تاجروں کو بھی کام کرنے کی مشروط اجازت دیدی گئی ہے۔

تمام کاروبار ایک ساتھ کھولنے کے بجائے مخصوص دِنوں اور مخصوص اوقات میں کھولنے کی تجویز دی گئی ہے جس پر صوبائی وزرا کی کمیٹی تاجروں سے مل کر طریقہ کار بنائےگی۔

سندھ میں دکانیں اور بازار کھولنے کے لیے صوبائی حکومت نے پلان ترتیب دے دیا اورماہی گیری کو بھی مشروط اجازت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے تاجر رہنماؤں کی مشاورت سے پلان مرتب کیا ہے جس میں کراچی کے تجارتی مراکز اوردکانیں کھولنے کے لیے 13 شعبوں کا تعین کیا گیا ہے، بنیادی طور پرکاروبار کی نوعیت کے لحاظ سے 13 سیکٹرز کو تین درجوں میں تقسیم کیا گیا، ہر درجے میں شامل شعبہ ہفتہ میں دو روز کے لیے کھولا جائے گا۔

پلان کے مطابق پہلے درجے میں چار، دوسرے میں چار اور تیسرے درجہ میں پانچ شعبہ شامل ہیں، بازار اور دکانیں دن میں 8 گھنٹے کے لیے کھولی جائیں گی، کریانہ، مرغی و گوشت کی دکانیں اور بیکریاں ہفتے میں دو روز بند رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے صرف دودھ، سبزی پھل کی دکانوں اور میڈیکل اسٹورز کو پورا ہفتہ کھولنے کی اجازت ہوگی۔

بازار اور دکانیں کھولنے کے لیے ایس او پی کل تک تیارکرلیا جائے گا، ایس او پی کی خلاف ورزی کرنے والے بازار سیل کردیے جائیں گے، سندھ حکومت عید شاپنگ کے لیے 15 رمضان کے بعد مزید نرمی کرے گی عید شاپنگ کے لیے نرمی انتظامیہ سے تعاون اور ایس او پی پر عمل درآمد سے مشروط ہوگی۔

پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بھی جلد نرمی کا اعلان کیا جائے گا اور سندھ حکومت کے تمام ایس او پیز پر عمل کرنا لازمی ہوگا تاہم پلان پر عملدرآمد وزیراعلیٰ سندھ کی اجازت سے مشروط ہے۔

دوسری جانب محکمہ لائیو اسٹاک، فشریز نے مچھلیوں کے شکار پر پابندی میں نرمی کردی، ماہی گیر سمندر میں مچھلیوں کا شکار کرسکیں گے، ماہی گیر مروجہ ایس او پی کے تحت کراچی فش ہاربر پر سرگرمیاں شروع کرسکیں گے، فشنگ کی اجازت ملنے سے سندھ کے 3 لاکھ ماہی گیر خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔