مجھے اپنے خلاف کسی بھی کارروائی کی کوئی پرواہ نہیں، سابق وزیر اعظم
مجھے اپنے خلاف کسی بھی کارروائی کی کوئی پرواہ نہیں، سابق وزیر اعظم

ن لیگ نے شہباز شریف سے تفتیش ان کیمرہ کرنے کا مطالبہ کردیا

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے 22 تاریخ کو ہونیوالی ممکنہ تفتیش ان کیمرہ کرنے کا مطالبہ کردیا، یاد رہے کہ نیب نے شہبازشریف کو طلب کررکھا ہے ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال اوراس کے سدباب کیلیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ حکمرانوں کے رونے نہیں بلکہ کام کرنے کا وقت ہے۔ حکومت لاک ڈاؤن کے معاملات پر سنجیدگی سے غورکرے۔

انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی بات سمجھ سے باہر ہے۔ وزیراعظم نے خود کہا کہ آگے اموات بڑھیں گی۔ شاہد خاقان عباسی نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم کی ٹائیگر فورس کو سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا، یہ کرپشن کا سب سے بڑا ذریعہ ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کو چینی اورآٹا سکینڈل نظر نہیں آتا، یہ معمولی باتیں نہیں۔ نیب اورایسے حکمرانوں کے ہوتے ہوئے ملک نہیں چل سکتا۔ سیاست اورملکی معیشت کو تباہ کر دیا گیا ہے۔اگر یہی رویہ رہا تو کون اس ملک میں انویسٹمنٹ اورکون سیاست کرے گا؟۔

انہوں نے کہا کہ ہم جیل سے نہیں گھبراتے۔ آج شہباز شریف کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ نالائقی، بدنیتی اور گھٹیا سوچ ہے، ہم اس کا مقابلہ کریں گے۔ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ نے نیب کے بارے میں جو کچھ ریمارکس دیے کسی سے پوشیدہ نہیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکمران جھوٹے کیس بنا کر اپوزیشن کو دبانے میں مصروف ہیں۔ شہباز شریف کوصاف پانی کیس میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن اس سے کچھ نہ ملا تو آشیانہ کیس بنانے کی کوشش کی گئی۔ نیب نے پھرنوٹس جاری کردیا ایسی کیا عجلت ہے؟اپوزیشن لیڈر میڈیکل ایشوزکی وجہ سے آئسولیشن میں ہیں۔