فیصل ایدھی نے ڈاکٹروں کی ہدایت پر آئیسولیشن اختیار کرلی۔فائل فوٹو
فیصل ایدھی نے ڈاکٹروں کی ہدایت پر آئیسولیشن اختیار کرلی۔فائل فوٹو

عمران خان سے ملاقات کرنیوالے فیصل ایدھی بھی کورونا کا شکار

چند روز قبل وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرکے  کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ کا چیک پیش کرنے کے لیے ایدھی فائونڈیشن  کے سربراہ فیصل ایدھی بھی کورونا وائرس کا شکارہوگئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا، انہوں نے چند روز قبل  اسلام آباد میں اہم ملاقاتیں کی تھیں اور وزیراعظم عمران خان کو ایک کروڑ روپے کا چیک بھی دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق فیصل ایدھی نے ڈاکٹروں کی ہدایت پر آئیسولیشن اختیار کرلی ، تاہم وہ اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں۔ان کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اب وزیراعظم عمران خان اور ان کی قریبی شخصیات کا بھی کورونا ٹیسٹ کیے جانے کاامکان ہے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق فیصل ایدھی کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر سندھ ہیلتھ ڈیپارٹمںٹ نے دی اور وہ پہلے ان کا ٹیسٹ کرچکے ہیں، جب فیصل ایدھی سے رابط کیاگیا تو انہوں نے بھی اس کی تصدیق کردی۔

دوسری طرف گفتگو کرتے ہوئے ان کے صاحبزادے سعد ایدھی نے بتایاکہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے 15 اپریل کو ملاقات کے بعد ہی ان کے والد میں علامات ظاہر ہونا شروع ہوگئی تھیں، یہ علامات چار دن تک رہیں جس کے بعد ٹیسٹ کیاگیا تو آج رپورٹ پازیٹو آگئی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فیصل ایدھی ابھی اسلام آباد میں ہیں اور ان کی طبیعت بہتر ہے ، کسی ہسپتال میں داخل ہونے کی نوبت نہیں آئی تاہم وہ ازخود قرنطینہ میں ہیں۔

فیصل ایدھی کی رپورٹ کی خبر ملنے پر ڈاکٹر فٰیصل نے لکھا "سماجی کارکن فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت اگیا, پتہ کریں خان صاحب کو تو نہیں ہوگیا, کچھ دن قبل ایدھی خان صاحب کو ملے تھے”.

یادرہے کہ فیصل ایدھی کی طرف سے امدادی چیک دیئے جانے پر سوشل میڈیا پر بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور یہ سلسلہ تاحال جاری تھا کہ ان کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبرآگئی ۔