پیدل سرحد پار کرنے والوں کی آمد و رفت بھی معطل ہوگئی ہے۔فائل فوٹو
پیدل سرحد پار کرنے والوں کی آمد و رفت بھی معطل ہوگئی ہے۔فائل فوٹو

طور خم اور چمن بارڈرز دو طرفہ تجارت کے لیے کھول دیے گئے

 حکومت نے افغانستان کے طور خم اور چمن بارڈرز دو طرفہ تجارت کے لیے کھول دیے۔

وزارت داخلہ کے مطابق حکومت نے افغانستان کے طور خم اور چمن بارڈر دو طرفہ تجارت کے لیے کھول دیے ہیں اور اس حوالے سے باضابطہ طور پر نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ وزارت داخلہ نے ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی ایف سی کوئٹہ اور آئی جی ایف سی پشاور کو احکامات جاری کر دیے ۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ہفتے کے علاوہ 6 دن سرحدوں سے ٹرک گزر سکیں گے، ہفتے کا دن ایس او پی کے تحت صرف پیدل بارڈرکراس کرنے والوں کے لیے مختص ہوگا جبکہ باقی 6 دن پاک افغان بارڈر سے ٹرک کورونا کے لیے مقررکردہ ایس او پی کے تحت گزر سکیں گے۔

واضح رہے کہ افغانستان کے ساتھ ٹرانزٹ کاروبار سے منسلک بیوپاریوں نے طورخم سرحد کے دونوں اطراف کھڑے مال بردار ٹرکوں کی آمد و رفت کو تیز رفتار بنانے کے لیے ہفتے کے 7 دن 24 گھنٹے ترسیل کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک افغان باہمی تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ جوکہ پہلے ہی نہ ہونے کے برابر ہے حکومتی اقدامات کے باعث مزید متاثر ہو رہی ہے۔