مسلمانوں کے مقدس مقامات مسجد نبوی اور مسجد الاقصیٰ کو عام نمازیوں کیلیے کھول دیا گیا تاہم تمام افراد کیلیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی جانب سے جاری فرمان کے مطابق نمازی نمازکی ادائیگی کے بعد مسجد میں قیام نہیں کر سکیں گے اورجماعت کے دوران تین فٹ کا فاصلہ رکھنا ضروری ہوگا۔
در نبی ﷺ تک رسائی کی اجازت ملنے پر لوگ قطاریں بنا کر مسجد میں پہنچے۔ سبز گنبد کی روشنیوں کی بحالی اورعلیٰ الصبح کی گئی عبادت کے روح پرور مناظر حرمین شریفین کے آفیشل ٹویٹر اکائونٹ حرمین انفو پر بھی جاری کیے گئے جو دیکھنے والوں کے دل موہ لیتے ہیں۔
سعودی عرب کی دیگر مساجد میں بھی باجماعت نماز ادا کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔تمام نمازیں حرم کے توسیعی حصے اور بیرونی صحن میں ادا کی جائیں گی جبکہ حرم کا پرانا حصہ اور روضہ رسولﷺ زائرین کے لیے بند رہے گا۔
دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد الاقصیٰ کو بھی نمازیوں کیلیے کھول دیا گیا ہے۔ مسجد الاقصیٰ میں کورونا سے بچاؤ کیلیےنمازیوں کوماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مسجد الاقصیٰ کو مارچ سے نمازیوں کے لیے بند کیا گیا تھا۔
مقبوضہ بیت المقدس میں اسلامی مقدسات کے انتظام وانصرام کے ذمے دار محکمہ اوقاف نے کورونا وائرس کی وجہ سے مسجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی لگائی تھی تاہم اذان مقررہ وقت پر دی جاتی تھی۔