ایشیائی کرکٹ کپ کا میلہ سجنے سے پہلے ہی اجڑگیا، ستمبر میں ہونے والے ایونٹ کے التواکا اعلان بورڈ آف کنٹرول فارکرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) چیف سارو گنگولی کی جانب سے کیا گیا جبکہ بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے رواں سال ستمبر میں شیڈول ایشیاکپ کی میزبانی پاکستان کو سونپی تھی، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کیلیے کوشاں پی سی بی اس ایونٹ کو ایک بہت بڑا موقع سمجھ رہا تھا، بھارتی ٹیم نے پاکستان آنے سے صاف انکارکیا تو چند میچز متحدہ عرب امارات (یواے ای) میں کرانے پر بھی غورہوا، کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال میں دنیا کے دیگر ملکوں کے کرکٹ بورڈز کی طرح پی سی بی نے بھی متبادل پلان بنانے شروع کر دیے تھے۔
ایشیا کپ کے مستقبل کے حوالے سے کسی فیصلے کا اعلان اے سی سی کے صدر نظم الحسن کو کرنا چاہیے تھا لیکن حیران کن طور پر بی سی سی آئی کے صدر سارو گنگولی نے گھر بیٹھے ہی التوا کا اعلان کردیا اورایک انٹرویو میں کہا کہ دسمبر میں بھارتی ٹیم کی مکمل سیریز ہے، ایشیاکپ تو ملتوی کیا جا چکا، تصدیق کیلیے میزبان کی جانب سے دوبارہ سوال کیے جانے پر بھی انہوں نے یہی موقف دہرایا۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے تصدیق کردی کہ رواں سال ایشیائی ایونٹ کا انعقاد ممکن نہیں ہو گا،انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی میزبانی کا تبادلہ سری لنکا کے ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اصولی طور پرکوئی بھی یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ رواں سال ٹورنامنٹ کا انعقاد ممکن ہوگا، اس لیے اب آئندہ سال کی طرف دیکھ رہے ہیں۔