پچھلی بارشوں سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔فائل فوٹو
پچھلی بارشوں سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔فائل فوٹو

بارش کے بعد کراچی کے بیشترعلاقے تاریکی میں ڈوب گئے

کراچی میں موسلادھار بارش کے بعد شہرکے بیشترعلاقے تاریکی میں ڈوب گئے، ترجمان کے الیکٹرک نے اس صورتحال میں ہاتھ کھڑے کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی موجود ہونے کے باعث بجلی کا انفراسٹرکچر متاثر ہوا ہے، حکومتی اداروں سے اپیل ہے کہ نکاسی آب کا کام تیزی سے کریں۔
میڈیا کے مطابق شہر میں بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک کے 550 سے زائد فیڈر متاثر ہوگئے، مضافاتی علاقوں کی 80 فیصد بجلی معطل ہے ، ملیر، شاہ فیصل کالونی ، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ایف بی ایریا، لیاقت آباد، پی آئی بی کالونی ،اورنگی ٹائون،کیامڑی، گلشن معمار، کورنگی، اولڈ سٹی ایریا اورلیاقت آباد میں بجلی معطل ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بارش کے دوران چند علاقوں میں احتیاطی طورپربجلی بند کی ہے، نشیبی اوروہ علاقے جہاں کنڈے لگے ہیں وہاں بجلی بند کی ہے۔

کے الیکڑک کے مطابق سڑک پر پانی موجود ہونے کے باعث بجلی کا انفراسٹرکچرمتاثر ہوتا ہے،حکومتی اداروں سے اپیل ہے کہ نکاسی آب تیزی سے عمل میں لائیں۔

پانی میں برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے، قربانی کے جانوروں کو بجلی کے کھمبوں کے ساتھ باندھنا خطرناک ہے۔ مویشیوں کیلئے ہینگر لائٹس، کنڈے اورغیر محفوظ بجلی کا انتظام خطرناک ہے، کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔

دوسری جانب ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق شہرکو پانی فراہم کرنے والے دھابیجی گھارو ، پپری پمپنگ اسٹیشنز کی بجلی بند ہے، جس کے سبب شہر کو پانی کی فراہمی میں تعطل کا سامنا ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ شہری پانی احتیاط سے استعمال کریں۔