بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 5 اگست کو تاریخی بابری مسجد کی جگہ پرمندرکی تعمیرکا سنگ بنیاد رکھنے کا اعلان کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایودھیا میں بابری مسجد کی متنازع زمین کی جگہ پر161 فٹ بلند مندر کی تعمیر کا سنگ بنیاد وزیراعظم مودی رکھیں گے جس کے لیے 5 اگست کی تاریخ رکھی گئی ہے، اسی تاریخ کو گزشتہ برس مودی سرکارنے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرکے کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی اوروادی کو دو یونین ٹریٹری میں تبدیل کردیا تھا۔
شدت پسند ہندو قوم پرست جماعت وشوا ہندو پریشد یا ورلڈ ہندو آرگنائزیشن کے مطابق 5 اگست کی تاریخ علم نجوم کے مطابق ہندوؤں کے لیے نیک شگون ہے اس لیے اسی دن مندر کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے عوامی اجتماع کے بجائے رسومات کو براہِ راست نشر کیا جائے گا اور صرف مخصوص لوگ تقریب میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے گزشتہ برس 9 نومبر کو 2019 کو بابری مسجد کی متنازع زمین پر رام مندر تعمیر کرنے اور مسلمانوں کو مسجد کی تعمیر کے لیے متبادل جگہ فراہم کرنے کا حکم دیا تھا جس پر مسلم رہنما اسد اویسی نے کہا تھا کہ مسلمانوں کو مسجد کے لیے 5 ایکڑ زمین کی بھیک نہیں چاہیے۔