ایران کے صدر حسن روحانی نے ہفتے کے روزاپنے خطاب میں کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ سمجھوتہ کرکے ایک بہت بڑی غلطی کی ہے۔
اپنی تقریر میں متحدہ عرب امارات کو نشانہ بناتے ہوئے صدر روحانی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے دھوکہ دیا ہے۔
صدر روحانی نے ٹی وی پراپنے خطاب میں متحدہ عرب امارات کو متنبہ کیا کہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کے پاؤں مضبوط کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ وہ (یو اے ای) ہوشیار رہے۔ انھوں نے ایک بہت بڑی غلطی کی ہے۔ایک غدار قدم اٹھایا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ انھیں اپنی غلطی کا احساس ہوگا اوروہ اس غلط راستے کو چھوڑ دیں گے۔
روحانی نے یہ بھی کہا کہ اس معاہدے کا مقصد نومبر میں ہونے والے امریکی انتخابات میں صدر ٹرمپ کی نامزدگی کو مستحکم کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسی وجہ سے اس معاہدے کا اعلان واشنگٹن سے کیا گیا ہے۔
حسن روحانی نے کہا کہ اب یہ معاہدہ کیوں ہوا ہے؟ اگر یہ معاہدہ غلط نہیں تو پھر کسی تیسرے ملک میں اس کا اعلان کیوں کیا گیا ہے؟ وہ بھی امریکہ میں؟ تاکہ واشنگٹن میں بیٹھا شخص ووٹ جمع کرسکے۔ آپ نے اپنے ملک، اپنے لوگوں، مسلمانوں اورعرب دنیا کے ساتھ غداری کی؟۔
واضع رہے جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین معاہدے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات قائم کیے جائیں گے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس معاہدے کا مقصد خطے میں ایران کے خلاف قوتوں کو مضبوط بنانا ہے۔