توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی موخرکردی جبکہ سابق صدرآصف زرداری احتساب عدالت میں پیش ہوگئے۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی تو سابق وزیراعظم نواز شریف توشہ خانہ ریفرنس میں عدالتی کارروائی کا حصہ بن گئے اوراحتساب عدالت میں آج کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائرکردی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت میں پہنچے اوردرخواست دائرکرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں احتساب عدالت کی کارروائی کو چیلنج کیا ہے جس کے فیصلے کا انتظار کیا جائے۔
عدالت نے نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی 25 اگست تک روکتے ہوئے نواز شریف کی حد تک آج کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست منظورکرلی۔ نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے یا ٹرائل میں شامل کرکے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ 25 اگست کو ہوگا۔
دوسری طرف توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدرآصف زرداری احتساب عدالت میں پیش ہوگئے۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ہوئی تو سابق صدر آصف زرداری احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے کورونا سے بچاؤکے لیے فیس شیٹ اوراین 95 ماسک پہنا ہوا تھا۔
وہ گزشتہ سال 12 دسمبر کو رہائی کے بعد پہلی دفعہ احتساب عدالت پیش ہوئے ہیں۔ اس موقع پر اسلام آباد پولیس نے احتساب کورٹ کے سخت سکیورٹی انتظامات کیے اور ایک ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔
احتساب عدالت نے آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان پر9 ستمبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔