افغان فوج نے صوبوں بدغیث، غزنی اور میدان وردک میں آپریشن کے دوران 23 طالبان جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق بدغیث، غزنی اور میدان وردک میں فوجی آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 23 جنگجو ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے جنگجوؤں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
افغان فوج کے ترجمان کے مطابق 17 جنگجو بدغیث، 4 غزنی اور 2 میدان ورک میں آپریشن کے دوران جھڑپ میں ہلاک ہوئے جب کہ 9 زخمیوں کو ان کے ساتھی فرار ہوتے ہوئے اپنے ہمراہ لے گئے۔
افغان فوج نے جھڑپ میں اپنے اہلکاروں کی ہلاکت یا زخمی ہونے کا تذکرہ نہیں کیا اور نہ کسی جنگجو کی شناخت ظاہر کی ہے۔ طالبان نے افغان فوج کے دعوے کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ افغان لویہ جرگہ کی منظوری کے بعد کابل حکومت نے سنگین جرائم کے الزام میں قید 400 طالبان اسیروں کی مرحلہ وار رہائی کے عمل کا آغاز کردیا ہے جس کے بعد بین الافغان انٹرا ٹاک کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔