پی سی بی نے عمراکمل کی سزا میں کمی کے خلاف عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کرلیا۔
فیصلے کے خلاف لوزین میں قائم کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کی گئی ہے۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسرسلمان نصیرکے مطابق فیصلہ مشکل اورتکلیف دہ ہے اس لیے پی سی بی نے آزاد ایڈجوڈیکیٹرکے فیصلے کو چیلنج کرنا ضروری سمجھا۔
اینٹی کرپشن ٹربیونل نے عمراکمل کے خلاف اسپاٹ فکسنگ کیس میں تین سال کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف عمراکمل نے اپیل کی اورآزادانہ ایڈڈیجوکیٹرجسٹس ریٹائرڈ فقیرمحمد کھوکھرنے سزا کو کم کرکے اٹھارہ ماہ کردیا تھا۔
سلمان نصیرکے مطابق پی سی بی سزا میں کمی سے خوش نہیں اوربعض اہم قانونی نکات کی تشریح ابھی تک حل طلب ہے۔اس لیے ہم نے مناسب سمجھا کہ ثالثی عدالت سے رجوع کریں۔اب یہ کورٹ پرمنحصر ہے کہ وہ سوئٹزرلینڈ یا کسی اورمناسب مقام پراس کیس کی سماعت کرے۔ ہم نے یہ بھی اپیل کی ہے کہ جج صرف ایک ہی ہو تاکہ اخراجات کم آئیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 27 اپریل2020 کو عمراکمل پر تین سال کی پابندی لگائی تھی۔پی سی بی نے عمر اکمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل کے تحت خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا تھا۔