فلپائن کے شہر جولو میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دو خوفناک دھماکوں میں 6 فوجی اہلکاروں سمیت 10 افراد ہلاک اور17 اہلکار زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی فلپائن کے صوبے سولو کے دارالحکومت میں ہونے والے پہلے دھماکے میں 6 فوجی اہلکاراور4 شہری ہلاک ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ فوجی حکام جائے وقوعہ پر پہنچے۔
جیسے ہی لیفٹننٹ جنرل کارلیٹو ونلیوان دھماکے کی جگہ پر پہنچے تو ایک مبینہ خاتون خود کش بمبارنے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا جس میں لیفٹننٹ جنرل ہلاک ہوگئے۔
دونوں دھماکوں میں زخمی ہونے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہے اورسارے فوجی اہلکار ہیں۔ دھماکے اس مقام پر ہوئے جہاں گزشتہ برس ایک کیتھولک چرچ میں دھماکے سے 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی تاہم اس علاقے میں ابوسیاف نامی شدت پسند جماعت کافی سرگرم ہے جو خود کو داعش کے اتحادی ہونے کا دعویٰ بھی کرتی ہے۔ اس جماعت نے پہلے بھی اپنی کارروائیوں میں خاتون خودکش بمبار کا استعمال کیا تھا۔