قانون نافذ کرنے والے امریکی ادارے ایف بی آئی نے گزشتہ روز مشی گن کی خاتون گورنر گریچن وٹمر کو اغوا کرنے کا ایک منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 13 افراد کو گرفتارکرلیا۔
حکام کا کہنا ہے ملزمان گورنرکو 3 نومبرکے انتخابات سے قبل اغوا کرکے ملک میں خانہ جنگی کروانا چاہتے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تمام افراد دائیں بازو کی ایک سفید فام نسل پرست تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں جن کی نشاندہی سوشل میڈیا پر نسل پرستانہ تبادلہ خیال سے ہوئی۔
بعد ازاں ایف بی آئی نے ان افراد کی نگرانی شروع کردی جس سے معلوم ہوا کہ وہ 3 نومبر کو امریکی صدارتی انتخابات سے قبل ٹرمپ مخالف سیاستدانوں کو اغوا کرنا چاہتے ہیں جبکہ وہ گریچن وٹمرکواغوا کرنے کا منصوبہ تقریباً مکمل کرچکے ہیں۔
ملزمان کا منصوبہ صرف اغوا نہیں بلکہ بم دھماکے کرنا اوراہم عمارتوں پر قبضہ بھی شامل تھا، ملزمان نے کیپٹل بلڈنگ پر حملے کی ٹریننگ بھی کی،مشی گن کی ڈیموکریٹک گورنر کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ سفید فام نسل پرستی کو ہوا دے رہے ہیں، انتہا پسند گروپ ٹرمپ کے الفاظ کو ایکشن کے طور پر دیکھتے ہیں۔
انٹیلی جنس کی بنیاد پر پہلی کارروائی میں 6 اور دوسری کارروائی میں 7 افراد حراست میں لیے گئے۔