ایران میں کورونا وائرس سے ایک روز میں337 شہریوں کے انتقال کے بعد ملک میں کورونا سے یومیہ اموات کا نیا ریکارڈ بن گیا۔
ترجمان ایرانی وزارت صحت کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران کورونا سے 337 افراد انتقال کرگئے ہیں اورمزید 4 ہزار 51 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس سے قبل ایک دن میں سب سے زیادہ 279 افراد کوروناکے باعث ہلاک ہوئے تھے۔
ایرانی حکام نے خبردارکیا ہے کہ شہریوں کی جانب سے کورونا پابندیوں پرعمل نہ کرنے کی صورت میں یومیہ اموات 600 تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔
حکومت نے کیسز بڑھنے پر تہران کے بعد دوسرے بڑے شہروں میں بھی پابندیاں سخت کرنے پرغور شروع کردیا ہے۔
تہران میں اسکول، مساجد، ریستوران، دکانیں اور دیگرعوامی مقامات 3 اکتوبر سے بند ہیں جب کہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کے باعث اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لیے بیڈز کم پڑگئے ہیں۔
خیال رہے کہ ایران میں کورونا متاثرین کی تعداد 5 لاکھ34 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے جب کہ اب تک اموات 30 ہزار 712 ہوچکی ہیں اورکورونا کی دوسری لہر میں ایرانیوں کی بڑی تعداد متاثر ہورہی ہے۔