افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک تعلیمی مرکزپر ہونے والے خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہو گئی جبکہ 70 افراد زخمی ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خودکش حملہ کابل کے جنوب میں ایک تعلیمی مرکز میں ہوا تھا۔ خود کش حملے میں زخمیوں ہونے والے افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
خودکش حملے کے بعد سیکیورٹی حکام نے دھماکے کی جگہ کی ناکہ بندی شروع کردی اور تحقیقات جاری ہیں۔ خودکش حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی ہے۔
افغان وزارت ترجمان سعید جامی کے مطابق خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے 13 افراد کی میتیں اسپتال لائی گئی ہیں، جبکہ 70 سے زائد زخمیوں کو ایمبولینسز میں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تاہم اسپتال میں دوران علاج جاں بحق افراد کی تعداد 30 تک پہنچ گئی۔افغان طالبان نے تاہم خودکش حملے سے لاتعلقی کا اظہارکیا ہے۔