’تمام فرانسیسی مصنوعات کو تمام صارف کوآپریٹو سوسائٹیوں سے ہٹادیا گیا ہے۔فائل فوٹو
’تمام فرانسیسی مصنوعات کو تمام صارف کوآپریٹو سوسائٹیوں سے ہٹادیا گیا ہے۔فائل فوٹو

پیغمبراسلام کے توہین آمیز خاکے۔کویت نے بڑا قدم اٹھا لیا

فرانس میں اظہاررائے کی آزادی کے نام پر پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے توہین آمیز کارٹون بنائے جانے پر کویت کے دکاندار سب مسلم ممالک پربازی لے گئے اورفرانسیسی مصنوعات کا اجتماعی بائیکاٹ کرتے ہوئے  اپنی دکانوں اور سپر اسٹورز سے فرانسیسی اشیا ہٹا دی ہیں۔

العربیہ کے مطابق  کویت کی غیر سرکاری صارفین کوآپریٹو سوسائٹیزکی یونین نے جمعہ کو فرانسیسی اشیا کے بائیکاٹ کے لیے ایک باضابطہ سرکلر جاری کیا تھا۔اس یونین میں کویت کی 70 سے زیادہ تنظیمیں شامل ہیں۔اس کی اپیل پر دکان داروں نے اپنی دکانوں اور سپراسٹورز سے فرانسیسی کمپنیوں کی ساختہ مصنوعات بالخصوص بالوں اور چہرے کے تحفظ اور خوب صورتی کے لیے اشیا کو شیلفوں سے ہٹا دیا ہے۔

یونین کے سربراہ فہدالکشتی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ’’تمام فرانسیسی مصنوعات کو تمام صارف کوآپریٹو سوسائٹیوں سے ہٹادیا گیا ہے۔یہ آزادانہ فیصلہ فرانس میں پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی باربار توہین کے ردعمل میں کیا گیا ہے اوراس کا کویتی حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔