ڈیموکریٹک پارٹی کے 5 سیاہ فام مسلمان امیدواروں نے وسکونسن، فلوریڈا اورڈیلاویئرکے قانون ساز ایوان کا انتخاب جیت کرامریکا میں ایک نئی تاریخ رقم کردی۔ ان میں تین مسلم خواتین بھی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اوکلاہوما سے مسلم خاتون ماری ٹرنرقانون سازایوان کی رکن منتخب ہوگئی ہیں۔ وہ اوکلاہوما کی قانون ساز اسمبلی میں پہلی مسلم رکن بھی ہیں۔اسی طرح ڈیلاویئر میں مدینہ ولسن اینٹن بھی قانون سازایوان کی پہلی مسلم رکن بن گئی ہیں۔
کولوراڈو کے ایوانِ نمائندگان کےلیے ایمان جودہ نامی خاتون منتخب ہوگئی ہیں، یہ بھی اس ایوان کی تاریخ میں پہلی مسلمان رکن ہیں۔
وسکونسن اسٹیٹ اسمبلی کےلیے منتخب ہونے والے سامبا بالدیہ نہ صرف وہاں کے پہلے مسلمان بلکہ پہلے سیاہ فام رکن بھی ہیں جو ڈین کاؤنٹی کی نمائندگی کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں فلوریڈا کے ایوانِ نمائندگان میں 107ویں ڈسٹرکٹ کی نمائندگی حاصل کرنے والے کرسٹوفر بنجمن بھی یہ کامیابی حاصل کرنے والے پہلے مسلمان ہیں۔
واضح رہے کہ جو بائیڈن نے امریکی مسلمانوں کی وسیع تر حمایت حاصل کرنے کے علاوہ یہ وعدہ بھی کیا ہے کہ وہ امریکا میں مقیم مسلمانوں کو اپنی انتظامیہ میں شامل کریں گے اور ٹرمپ کی جانب سے مسلمانوں پر غیر اعلانیہ پابندیوں کا بھی خاتمہ کریں گے۔