عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہوائی اڈے کے قریب ایک فوجی چیک پوسٹ پر مسلح حملہ آور نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور8 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بغداد میں ہوائی اڈے کے قریب چار گاڑیوں میں سوار درجن سے زائد حملہ آوروں نے پہلے ایک فوجی چوکی پر گرنیڈ پھینکے اور پھر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
حملے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے جن میں فوجی اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ 8 اہلکار زخمی ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ فوج اور پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش میں قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
عراقی فوج کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ جس فوجی چوکی پر حملہ کیا گیا وہاں حاشد قبائلی فورسز کے جوان تعینات تھے، حملے میں 5 جوان اور ان کی مدد کوآنے والے 6 مقامی افراد بھی ہلاک ہوگئے۔
واضح رہے کہ عراق میں اتحادی افواج نے داعش جنگجوؤں کو پسپائی پر مجبورکردیا ہے تاہم اب بھی کچھ علاقے داعش کے قبضے میں ہیں جہاں سے عسکریت پسند اتحادی افواج کو نشانہ بناتے ہیں۔