نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے ریاست جارجیا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں بھی برتری حاصل کرلی، امریکی تاریخ میں 28 سال بعد جو بائیڈن پہلے ڈیموکریٹ امید وار ہوں گے جو جارجیا میں کامیاب ہوئے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق جوبائیڈن کے مجموعی الیکٹورل ووٹوں کی تعداد بڑھ کر 306 ہوگئی اور ریاست جارجیا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی ہے جہاں جوبائیڈن پھر جیت گئے ہیں جبکہ شمالی کیرولائنا سے صدر ٹرمپ کامیاب ہو گئے ہیں جس کے بعد ان کے مجموعی الیکٹورل ووٹ 232 ہو گئے ہیں۔
امریکی الیکشن پر ریاست مشی گن کی عدالت نے دھاندلی کے الزامات کی اپیلیں مسترد کردی ہیں اور صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم نے ایریزونا میں دائر مقدمات واپس لے لیے ہیں جبکہ ٹرمپ کے حامیوں اور ’بلیک لائیوزمیٹر‘ نے کل واشنگٹن میں احتجاج کا اعلان کیا ہے اور ان احتجاج میں ہنگاموں کا خدشہ بھی ظاہرکیا گیا ہے جس کے پیش نظر واشنگٹن میں سخت سیکورٹی انتظامات کرلیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپراعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے ایک بار پھریہ الزام عائد کیا کہ ان کے ووٹوں کو باقاعدہ طورپرچوری کیا گیا ہے جبکہ امریکی الیکشن حکام نے اس الزام کی تردید کردی ہے اورکہا ہے کہ تمام ریاستوں کے پاس ہر ووٹ کا کاغذی ریکارڈ رجسٹرڈ ہے۔