بچے کی پیدائش کے لیے میتھیو ایلج نے سپرم فراہم کیا اورایلیئٹ ڈوہرٹی کی بہن نے بیضہ دیا۔فائل فوٹو
بچے کی پیدائش کے لیے میتھیو ایلج نے سپرم فراہم کیا اورایلیئٹ ڈوہرٹی کی بہن نے بیضہ دیا۔فائل فوٹو

امریکا میں دادی نے”پوتی“کو جنم دے دیا

امریکی ریاست نیبراسکا میں 61سالہ خاتون نے اپنی پوتی کو جنم دیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق 61 سالہ خاتون نے ہم جنس پرست بیٹے اوراس کے پارٹنرکے لیے بطور سروگیٹ (اپنی کوکھ سے کسی اورکے بچے کی پیدائش) اپنی پوتی کو جنم دیا ہے اور وہ اس پر بہت خوش ہیں۔

امریکی ریاست نیبراسکا کی سیسل ایلج نے بیٹے میتھیو ایلج اوران کے پارٹنر ایلیئٹ ڈوہرٹی کی بیٹی اوما لوئزکو گذشتہ ہفتے جنم دیا۔

سیسل ایلج کا کہنا ہے کہ انہوں نے سروگیسی کی پیشکش اس وقت کی تھی جب ان کے ہم جنس پرست بیٹے اوران کے پارٹنر ڈوہرٹی نے پہلی مرتبہ یہ کہا تھا کہ وہ اپنا کنبہ بڑھانا چاہتے ہیں۔

مسزایلج نے بتایا کہ یقیناً اس پیشکش پر وہ سب ان پر ہنس پڑے تھے۔ پیشکش کے وقت میری عمر 59 برس تھی لیکن خاندان میںاس پیشکش کو صرف لطیفے کے طور پر ہی دیکھا گیا اور سنجیدہ نہیں لیا گیا۔یہ ہم جنس پرست جوڑا، جو مسز ایلج کے گھرکے قریب ہی اوماہا میں رہتا ہے، اپنے بچے کی پیدائش کے لیے راستے ڈھونڈ رہا تھا تواس دوران ایک ڈاکٹرنے بتایا کہ مسز ایلج کی پیشکش عملی طور پر ممکن ہو سکتی ہے۔

ایلج کے کئی ٹیسٹ کیے گئے جن کے بعد انھیں سروگیسی کے لیے منظور کر لیا گیا۔ وہ کہتی ہیں کہ میں صحت کے معاملے میں بہت احتیاط کرتی ہوں۔ اس حوالے سے کوئی شبہ نہیں تھا کہ میں بچہ پیدا کر سکوں گی۔ اس بچے کی پیدائش کے لیے میتھیو ایلج نے سپرم فراہم کیا اورایلیئٹ ڈوہرٹی کی بہن نے بیضہ دیا۔

مسز ایلج کہتی ہیں کہ انہوں نے حمل کا ٹیسٹ کیا اورمنفی نتائج دیکھ کر وہ کافی مایوس ہوئیں۔ جب ان کا بیٹا انہیں تسلی دینے آیا تو اس نے ٹیسٹ کے نتائج پرایک دوسری گلابی لکیر دیکھی جس سے حمل کی تصدیق ہوتی ہے۔

مسز ایلج کا کہنا تھا کہ اس لمحے بہت خوشی ہوئی تھی۔ وہ یاد کرتی ہیں کہ لڑکے ان کی کمزور بینائی کا مذاق اڑا رہے تھے اورکہہ رہے تھے کہ آپ کچھ دیکھ نہیں سکتیں لیکن بچہ پیدا کر سکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حاملہ ہونے پراکثر لوگوں کا ردعمل مثبت تھا لیکن کچھ لوگ اس پر حیران تھے، جیسے ان کے دوسرے دو بچے یعنی میتھیو کے بہن بھائی جنہیں ’ہلکا دھچکا لگا۔ جب سب کو پوری بات کا پتا چلا تو سب نے اس کی حمایت کی۔